ملتان میں جعلی سیپٹران سیرپ کی کھیپ برآمد کر لی گئی

ملتان میں جعلی سیپٹران سیرپ کی کھیپ برآمد کر لی گئی

گھنٹہ گھر مارکیٹ پر چھاپہ، دو کارٹن قبضے میں لے لئے گئے

ملتان (لیڈی رپورٹر)ملتان میں جعلی اور مضرِ صحت ادویات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرول اتھارٹی نے گھنٹہ گھر کی ہول سیل میڈیسن مارکیٹ میں چھاپہ مار کر سیپٹران سیرپ کی جعلی کھیپ برآمد کر لی۔ کارروائی کے دوران دو کارٹن جعلی سیرپ قبضے میں لے لئے گئے ۔حکام کے مطابق برآمد ہونے والا سیپٹران سیرپ بیج نمبر 2P4K پہلے ہی پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے مضرِ صحت اور غیر معیاری قرار دیا جا چکا تھا۔ مذکورہ بیچ کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد ہے ، تاہم اس کے باوجود اسے مارکیٹ میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔

چھاپہ ڈرگ انسپکٹر شیر شاہ ٹاؤن صابر علی کی نگرانی میں کیا گیا۔ کارروائی کے دوران مزید ریکارڈ بھی تحویل میں لے لیا گیا جبکہ متعلقہ ڈیلر سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر ثوبان ضیاء نے جعلی سیرپ کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کیس پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوانے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں