کیری ڈبہ میں آگ بھڑک اٹھی ،8مسافر جھلس کر زخمی

کیری ڈبہ میں آگ بھڑک اٹھی ،8مسافر جھلس کر زخمی

بے قابو ہوکر کھیتوں میں جا گرا،زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ،عینی شاہدین

جہانیاں (نمائندہ دنیا)بستی آئمہ کے قریب جہانیاں بدھلہ روڈ پر چلتی مسافر سوزوکی بولان کیری ڈبہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے ۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب چک نمبر 146 سے جہانیاں آنے والی گاڑی میں اچانک آگ لگی اور کیری ڈبہ بے قابو ہو کر قریبی کھیتوں میں جا گرا۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 جہانیاں کی فائر وہیکل، دو ایمبولنسز اور ایک موٹر بائیک فوری موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کر کے آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہانیاں منتقل کیا۔ زخمیوں میں 55 سالہ محمد اسلم، 50 سالہ محمد امین، 46 سالہ پروین بی بی، 44 سالہ محمد مبین، 45 سالہ محمد شریف، 46 سالہ عابدہ بی بی اور 35 سالہ محمد شفیق شامل ہیں۔ تین زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں فہد نور، ایس پی انویسٹیگیشن خانیوال جان محمد، ڈی ایس پی جہانیاں ملک عبدالمجید اور ایس ایچ او تھانہ جہانیاں چودھری محمود اقبال موقع پر پہنچ گئے اور ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہ ہو سکی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں