وہاڑی کالج میں نئے ڈپلومہ کورسز کا آغاز جلد متوقع
وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی) گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں سول ڈپلومہ، دو سالہ ڈپلومہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور لائیو سٹاک ڈپلومہ کا آغاز جلد متوقع ہے ۔
نئے ڈپلومہ کورسز کی منظوری کے لیے ٹیوٹا سیکرٹریٹ کی ٹیم نے گزشتہ روز کالج کا دورہ کیا۔اس موقع پر پرنسپل احمد شعیب اسلام بھی موجود تھے ۔ ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ خرم شفیق کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر عائشہ اقبال اور مضحف اسماعیل پر مشتمل ٹی این اے ٹیم نے ایک روزہ دورہ کیا۔ ٹیم نے مقامی سٹیک ہولڈرز اور سابق صدور وہاڑی چیمبر آف کامرس عبدالروف چوہدری، میاں خالد حسین، مقامی صنعت کار چوہدری محمد شاہد اور میاں محمد اشرف سے ملاقات کی۔ملاقات میں مقامی صنعتکاروں نے کالج کو نئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں کے لیے موزوں قرار دیا۔ ٹیم نے ان سفارشات کی روشنی میں یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی رپورٹ میں ان نئے شعبوں کی منظوری کی سفارش کریں گے ۔ منظوری کے بعد اسی سال سے کلاسوں کا آغاز ہو گا، جس سے بورے والا کے نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق کمپیوٹر اور دیگر شعبوں میں ہنر مند تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے ۔