خانیوال اور نواح میں چائلڈ لیبر میں تشویشناک حد تک اضافہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) خانیوال اور گردونواح میں چائلڈ لیبر کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔
غربت، بھوک اور بے روزگاری کے باعث والدین اپنے کم سن بچوں کو محنت مشقت پر لگانے پر مجبور ہیں تاکہ گھر کا چولہا جلتا رہے ۔شہر اور نواحی علاقوں میں کم عمر بچے ورکشاپوں، دکانوں، ہوٹلوں اور اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان معصوم بچوں کے چہروں پر حسرتیں اور خواب تو ہیں، مگر وہ اپنے ہم عمر بچوں کی طرح سکول جانے اور کھیلنے کودنے کی سہولت سے محروم ہیں۔ کم اجرت پر طویل اوقات کار کے ساتھ کام لینا معمول بن چکا ہے جبکہ بعض مقامات پر بچوں کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آتی ہیں۔اگرچہ ملک میں چائلڈ لیبر کے خلاف مختلف قوانین موجود ہیں، مگر اس کے باوجود یہ مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے ۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں، مستحق خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے اور بچوں کو تعلیم کی طرف لانے کے لیے ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ وہ محفوظ اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔