تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی ناگزیرہے:ڈی پی او خانیوال

تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی ناگزیرہے:ڈی پی او خانیوال

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال اسماعیل کھاڑک نے ضلع بھر کے تھانہ جات کے محرران اور پولیس سٹیشن اسسٹنٹ (پی ایس اے ) کے ساتھ اہم میٹنگ کا انعقاد کیا۔

اجلاس کا مقصد ریکارڈ کی درستگی، سروس ڈیلیوری میں بہتری، شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی اور تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی کو یقینی بنانا تھا۔ڈی پی او نے فرداً فرداً کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ریکارڈ مینجمنٹ، روزنامچہ اندراج، مقدمات کی بروقت رجسٹریشن اور شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ محرر اور پی ایس اے تھانے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اگر ریکارڈ شفاف، درست اور بروقت ہو تو انصاف کی فراہمی میں آسانی پیدا ہوتی ہے ۔ شہری کی عزت نفس کا خیال رکھنا اور اس کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا پولیس کی پہلی ذمہ داری ہے ۔اسماعیل کھاڑک نے مزید کہا کہ تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ کسی قسم کی غفلت، تاخیر یا غیر پیشہ ورانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ریکارڈ جدید تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ رکھا جائے اور آئی ٹی سسٹم کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت معلومات اور سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ زیر التواء درخواستوں اور مقدمات کو ایس ایچ او کے ساتھ مل کر ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں