خانیوال :اشیائے ضروریہ کے نرخوں کا ازسرِنو تعین
تاجر :نوٹیفائیڈ نرخوں پر اشیا کی فروخت یقینی بنائیں :ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )ضلعی انتظامیہ خانیوال ماہِ رمضان المبارک میں شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے متحرک ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس فکسیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اشیائے ضروریہ کے نرخوں کا ازسرِنو تعین کیا گیا۔اجلاس میں مارکیٹ کے تقابلی جائزے کے بعد نئی قیمتوں کی منظوری دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ نوٹیفائیڈ نرخوں پر اشیا کی فروخت یقینی بنائیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے دست و بازو بنیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا مثبت تعاون قابلِ ستائش ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں دکانیں سربمہر کی جائیں گی۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، مارکیٹ کمیٹی افسران، صارفین نمائندگان، کریانہ و آڑھتی اور قصاباں ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے شرکت کی ۔