میپکو:رمضان میں دفاتر کے نئے اوقات کار جاری
صارفین کی شکایات کے لئے کسٹمر سنٹرز 24/7کھلے رہیں گے
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران دفاتر کے نئے اوقات کار جاری کر دیئے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ سروسز رانا محمد سرفراز کے مطابق کیبنٹ سیکرٹریٹ اورا سٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کے احکامات کی روشنی میں میپکو ریجن کے دفاتر سوموار تا جمعرات صبح 9 بجے سے دوپہر 3بجے تک کھلے رہیں گے ، جبکہ جمعہ کے روز نو بجے صبح سے ساڑھے بارہ بجے تک خدمات فراہم کی جائیں گی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، جنوبی پنجاب میں صارفین کی شکایات کے اندراج اور ازالے کے لئے قائم کسٹمر فیسیلی ٹیشن سنٹرز، کسٹمر سروسز سنٹرز اور کسٹمر کمپلینٹ سنٹرز 24/7 کھلے رہیں گے ۔ بجلی کی بحالی اور لائن سے متعلق تمام شکایات نمٹانے کے لئے 220سے زائد مراکز میں سٹاف تین شفٹوں میں خدمات سرانجام دیں گے تاکہ صارفین کو بلا تعطل سہولت فراہم کی جا سکے ۔