الخدمت فاؤنڈیشن، 100مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم
ضلع بھر کے غریب خاندانوں کو بنیادی اشیائے خوردونوش فراہم کی گئیں
ملتان (لیڈی رپورٹر)الخدمت فاؤنڈیشن شعبہ خواتین کے زیر اہتمام 100مستحق اور غریب خاندانوں میں رمضان راشن تقسیم کرنے کی تقریب دارارقم قرآن انسٹی ٹیوٹ، سبزہ زار کالونی، بوسن روڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر سید عبدالقادر شاہ، نائب صدر شریفہ مقصود اور جماعت اسلامی شعبہ خواتین کی ضلعی ناظمہ رضیہ عابد نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر مستحقین میں راشن پیکجز تقسیم کئے گئے ، جن میں آٹا، چاول، دالیں، گھی، چینی اور دیگر ضروری اشیاء شامل تھیں۔ پیکجز باعزت طریقے سے مستحق خاندانوں تک پہنچائے گئے تاکہ رمضان المبارک سے قبل بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید عبدالقادر شاہ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن خدمتِ انسانیت کے جذبے کے تحت بلا امتیاز مدد جاری رکھے ہوئے ہے اور رمضان ایثار، ہمدردی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔ نائب صدر شریفہ مقصود نے کہا کہ شعبہ خواتین معاشرے میں فلاحی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ، جبکہ ضلعی ناظمہ رضیہ عابد نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ مستحق خاندانوں کی مدد کے لئے تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک ریلیف پہنچ سکے ۔