اے آئی پر مشتمل تین کریڈٹ آورز کا کورس لازمی قرار

اے آئی پر مشتمل تین کریڈٹ آورز کا کورس لازمی قرار

طلبہ کو ڈیجیٹل خواندگی ، اخلاقی ذمہ داری، ڈیٹا پرائیویسی سے آشنا کیا جائے

ملتان (خصوصی رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے ملک بھر کی سرکاری و نجی جامعات کو ہدایت کی ہے کہ تمام انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مشتمل تین کریڈٹ آورز کا لازمی کورس شامل کیا جائے ۔جاری مراسلے کے مطابق یہ فیصلہ تیزی سے بدلتے عالمی تعلیمی اور ٹیکنالوجی منظرنامے کے پیش نظر کیا گیا ہے ، جہاں اے آئی تعلیم، صحت، معیشت اور طرزِ حکمرانی سمیت مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ وائس چانسلرز کو ارسال خط میں ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے واضح کیا کہ اے آئی کی تعلیم اب اضافی سہولت نہیں بلکہ ناگزیر ضرورت بن چکی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ طلبہ کو ڈیجیٹل خواندگی، اخلاقی ذمہ داری، ڈیٹا پرائیویسی، شفافیت اور سماجی اثرات سے متعلق عملی آگاہی فراہم کی جائے تاکہ وہ عالمی معیار کے مطابق مہارتیں حاصل کر سکیں۔ جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس کورس کو لازمی یا اختیاری، بین الشعبہ جاتی یا متعلقہ پروگرام میں معاون مضمون کے طور پر شامل کیا جا سکتا ہے ۔ نصاب میں بنیادی تصورات، مختلف شعبوں میں اطلاق، اخلاقی تقاضے ، انصاف، احتساب اور ذمہ دارانہ استعمال شامل ہوگا۔مراسلے کے مطابق یہ کورس تعلیمی سیشن خزاں 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔ ماہرین تعلیم نے فیصلے کو بروقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ٹیکنالوجی پر مبنی تحقیق اور اختراع کو فروغ ملے گا اور طلبہ عالمی سطح پر مسابقت کے قابل ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں