رمضان بازار کی نگرانی سخت، عوام کو معیاری گوشت دستیاب

رمضان بازار کی نگرانی سخت، عوام کو معیاری گوشت دستیاب

حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے ،ڈاکٹرسلمان حسن

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق نگہبان رمضان بازار کے پہلے روز عوام کو معیاری اور صحت مند اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لیے سخت مانیٹرنگ جاری رہی۔ محکمہ لائیو سٹاک کے افسر ڈاکٹر سلمان حسن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ رمضان بازار میں قائم گوشت کے سٹالوں کا دورہ کیا اور گوشت کے معیار، صفائی ستھرائی اور سرکاری نرخوں پر فروخت کا جائزہ لیا۔ قصابوں کو ہدایت کی گئی کہ شہریوں کو تازہ اور صحت مند گوشت فراہم کیا جائے اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے۔

ڈاکٹر سلمان نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ جاری رہے گی۔ اس موقع پر صدر قصاب ایسوسی ایشن عدنان مختار نے کہا کہ قصاب برادری حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور شہریوں کو بہترین معیار کا گوشت فراہم کرنے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایسوسی ایشن اپنے ممبران کی رہنمائی کر رہی ہے تاکہ صفائی اور مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے ۔ شہریوں نے معیاری گوشت کی دستیابی اور حکومتی نگرانی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ پورے رمضان المبارک جاری رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں