ویمن یونیورسٹی : وائس چانسلر کی تعیناتی نہ ہوسکی، انتظامی مسائل میں اضافہ

ویمن یونیورسٹی : وائس چانسلر کی تعیناتی نہ ہوسکی، انتظامی مسائل میں اضافہ

اہم انتظامی فیصلے التواء کا شکار، سلیکشن بورڈ، سنڈیکیٹ اجلاس ، ترقیوں ، کنفرمیشن ،پنشن کیسز،مالی امور سے متعلق فائلیں زیر التوا ، فوری تعیناتی کا مطالبہ زورپکڑنے لگا

ملتان(خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان میں طویل عرصے سے وائس چانسلر تعینات نہ ہوسکیں انتظامی مسائل بڑھ گئے افسر، ملازم اور اساتذہ سب پریشان تفصیل کے مطابق طویل عرصے سے مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی نہ ہونے کے باعث انتظامی امور شدید متاثر ہونے لگے ہیں جس سے نہ صرف تعلیمی سرگرمیوں میں تعطل پیدا ہو رہا ہے بلکہ اساتذہ، افسروں اور ملازمین کے مسائل میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی میں اہم انتظامی فیصلے التواء کا شکار ہیں، سلیکشن بورڈ اور سنڈیکیٹ کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد نہیں ہو پا رہے جبکہ ترقیوں، کنفرمیشن، پنشن کیسز اور مالی امور سے متعلق متعدد فائلیں زیرِ التواء ہیں۔

اساتذہ کا کہنا ہے کہ مستقل قیادت نہ ہونے کے باعث پالیسی سازی کا عمل متاثر ہو رہا ہے جس کا براہِ راست اثر تعلیمی معیار اور تحقیقی سرگرمیوں پر پڑ رہا ہے ۔یونیورسٹی کے ملازمین کا کہناتھاکہ انتظامی خلا کی وجہ سے روزمرہ کے دفتری معاملات میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو چکی ہے اور کئی اہم امور عبوری انتظام کے تحت چلائے جا رہے ہیں جس سے شفافیت اور فیصلہ سازی کی رفتار متاثر ہو رہی ہے ۔ افسروں کا کہنا ہے کہ مستقل وائس چانسلر کی عدم موجودگی میں بجٹ کی منظوری، نئے منصوبوں کا آغاز اور جاری ترقیاتی سکیموں کی نگرانی بھی سست روی کا شکار ہے انہوں نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹی میں جلد از جلد مستقل وائس چانسلر تعینات کیا جائے۔ تاکہ ادارے میں انتظامی استحکام بحال ہو اور تعلیمی و مالی معاملات کو درست سمت دی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں