اہلکار پر رشوت لینے کا الزام، محکمہ وائلڈ لائف کی تردید

اہلکار پر رشوت لینے کا الزام، محکمہ وائلڈ لائف کی تردید

بٹیر کا تحفہ نہ دینے پر10افراد پرمقدمہ درج کرلیا گیا :شکاریوں کا الزام

مظفرگڑھ (نامہ نگار،سٹی رپورٹر) موضع نور کبڑا کے رہائشی شکاریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار نے فی کس 10 ہزار روپے رشوت وصول کر کے انہیں موضع رکھ پور میں بٹیر کا شکار کرنے کی اجازت دی۔ تاہم، شکار کے لیے پہلے روز ہی جال لگانے پر اہلکار نے اضافی طور پر فی کس 10 بٹیر دینے کا مطالبہ کیا۔شکاریوں نے بٹیر دینے سے انکار کیا تو اہلکار اور اس کے ساتھیوں نے ان کے شکار کے مقام پر دھاوا بول دیا، سامان قبضے میں لیا اور 3 شکاریوں منیر، ظفر اور شادو کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، موبائل فون توڑ دیے اور سنگین دھمکیاں دیں۔بعدازاں 10 افراد کے خلاف پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت تھانہ سٹی مظفرگڑھ میں مقدمہ درج کر دیا گیا۔ شکاریوں نے ڈی پی او مظفرگڑھ اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سے مطالبہ کیا ہے کہ الزامات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، غیر قانونی طور پر وصول شدہ رشوت واپس دلائی جائے اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔دوسری جانب محکمہ وائلڈ لائف نے شکایات کی تردید کی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں