ایران پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی، پی پی رہنما
مشرقِ وسطیٰ کشیدگی پر تشویش ، سفارتی سطح پر آواز بلند کی جائے ، مجتبیٰ گیانی، عظیم سعید
ملتان (لیڈی رپورٹر) سابق ایم پی اے و پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید احمد مجتبیٰ گیلانی اور سیاسی و سماجی رہنما میاں محمد عظیم سعید نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی خودمختار ملک کی قیادت کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے ، جس سے خطے میں عدم استحکام بڑھتا ہے ۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات مسلم امہ کے اتحاد و اتفاق کے متقاضی ہیں اور عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال کو جنم دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حساس حالات میں مصدقہ اور ذمہ دارانہ معلومات کی فراہمی ضروری ہے تاکہ افواہوں اور اشتعال انگیزی سے بچا جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ بین الاقوامی قوانین، مسلم امہ کے اتحاد اور خطے میں پائیدار امن کا حامی رہا ہے۔