فروی :میپکو کی کارروائیاں،1096بجلی چور پکڑے گئے
575صارفین پر مقدمات، 7کروڑ 76لاکھ روپے جرمانہ عائد
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے فروری کے دوران جنوبی پنجاب میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 1096 صارفین کو بجلی چوری میں ملوث پایا۔ میپکو، رینجرز اور پولیس پر مشتمل مشترکہ ٹیموں نے 64 ملزموں کو موقع سے گرفتار کر کے حوالات منتقل کیا جبکہ 575 افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرائے گئے ۔ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 7کروڑ 76 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جن میں سے93 لاکھ روپے موقع پر وصول کر لئے گئے ۔ چیف انجینئر کسٹمر سروسز ڈائریکٹر سید جواد منصور احمد نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ڈسکو سپورٹ یونٹ (ڈی ایس یو) بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ آپریشنز چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر گل محمد زاہد اور رینجرز کمانڈرز کی نگرانی میں کئے جا رہے ہیں۔یکم تا 27 فروری 2026 کے دوران ملتان سرکل میں 154 افراد کو ایک کروڑ 31 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈی جی خان سرکل میں 100 ملزموں کو 19 لاکھ 10 ہزار روپے ، وہاڑی میں 110 صارفین کو 81 لاکھ 80 ہزار، بہاولپور میں 172 افراد کو ایک کروڑ 24 لاکھ جبکہ ساہیوال سرکل میں 201 صارفین کو 2 کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا۔رحیم یار خان، مظفرگڑھ، بہاولنگر اور خانیوال سرکلوں میں بھی متعدد مقدمات درج کر کے لاکھوں روپے جرمانے عائد کئے گئے ۔