ملاوٹ جعلسازی کا منصوبہ ناکام،یونٹ پر چھاپہ ہزاروں قلفیاں تلف
بستی آرائیاں والی پل کورے والی کبیر والا میں پروڈکشن یونٹ پر کارروائی
ملتان (لیڈی رپورٹر)بچوں کی خوراک میں ملاوٹ اور جعل سازی کا بڑا منصوبہ ناکام، پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بستی آرائیاں والی پل کورے والی کبیروالا میں قلفی پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ، 92 ہزار کے قریب غیر معیاری قلفیاں تلف، ملزم مظہر عباس کیخلاف ایف آئی آر درج، پروڈکشن یونٹ بند۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی اور غیر معیاری قلفیوں کی تیاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے ۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق طویل ریکی کے دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز عامر افتخار کی سربراہی بستی آرائیاں والی مخدوم پور روڈ پر پروڈکشن یونٹ پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔معروف برانڈز کے نام سے بڑے پیمانے پر ملاوٹی قلفیاں تیار کرکے مارکیٹ میں فروخت کی جارہی تھی۔ ٹیسٹ کے دوران قلفیوں میں غیر معیاری اجزاء کی ملاوٹ پائی گئی۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے ہزاروں ملاوٹی قلفیاں تلف کرکے مالک کیخلاف ایف آئی آر درج کروادی ۔