ماچھیوال،تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹکر سے لڑکا جاں بحق
پندرہ سالہ عمران کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جانبر نہ ہوسکا
ماچھیوال (نامہ نگار) نواحی گاؤں کے رہائشی نذیر احمد کے پندرہ سالہ بیٹے عمران کا موٹرسائیکل حادثے میں جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران گھر جا رہا تھا کہ رتہ ٹبہ روڈ پر ایک تیز رفتار موٹرسائیکل نے اسے ٹکر مار دی۔ نوجوان کو فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گاؤں 537 ای بی کے سامنے کار اور موٹرسائیکل کے حادثات معمول بن چکے ہیں، جس سے شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ معززین علاقہ محمد حسین، شاہد، شاہ جی، محی الدین، چودھری سعید، ماجد لنگڑیال اور دیگر نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور گاؤں کے سامنے روڈ پر بریکر نصب کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ مستقبل میں جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے ۔