لودھراں، زبیر بلوچ نے خمیسہ بھٹہ روڈ منصوبہ کا افتتاح کر دیا

لودھراں، زبیر بلوچ نے خمیسہ بھٹہ روڈ منصوبہ کا افتتاح کر دیا

عوام کا دیرینہ مسئلہ حل،سڑک کی تعمیر پر دو کروڑ 85 لاکھ روپے لاگت آئیگیمقامی پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد،نیک تمناؤں کا اظہار

لودھراں (سٹی رپورٹر)ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے معدنیات محمد زبیر خان بلوچ نے خمیسہ بھٹہ روڈ کے دو کروڑ 85 لاکھ روپے لاگت کے سڑک منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ اس اقدام سے شہر کی ایک بڑی آبادی کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا اور عوام کو شدید مشکلات سے نجات ملی۔تفصیلات کے مطابق خمیسہ بھٹہ روڈ طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا اور شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا تھا۔ اہل علاقہ نے ممبر قومی اسمبلی محمد صدیق خان بلوچ اور ان کے بیٹے محمد زبیر خان بلوچ سے ملاقات کر کے سڑک کی فوری تعمیر کا مطالبہ کیا تھا۔افتتاح کے موقع پر محمد زبیر خان بلوچ نے کہا کہ منصوبے کو کم سے کم وقت میں مکمل کرایا جائے گا اور شہر کے دیگر مسائل جیسے سیوریج اور سڑکوں کے لیے ایک میگا پراجیکٹ پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے اور انشاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔افتتاح کے موقع پر ملک اصغر ارائیں صدر، تاصم مسعود بٹ چیئرمین مرکزی انجمن تاجران لودھراں، اسلم سرور تارڑ سابق کونسلر اور ملک محمد رمضان لودھرا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔دریں اثنائانہوں نے لودھراں پریس کلب رجسٹرڈ کا دورہ کیا اور نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ،ہار پہنائے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے ، آزاد اور ذمہ دار صحافت معاشرے کی ترقی اور مسائل کی نشاندہی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ نئی منتخب باڈی بھی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔انہوں نے صحافی برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں