اضافی کلاس رومز کا تعمیراتی منصوبہ دوبارہ شروع
ملتان(خصوصی رپورٹر)سکول کونسلز کو 7ہزار سے 258اضافی کلاس رومز کی تعمیر کی اجازت، تعطل کا شکار منصوبہ دوبارہ شروع
تفصیل کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے قواعد و ضوابط میں نرمی کرتے ہوئے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کی سکول کونسلز کو اضافی کلاس رومز تعمیر کرنے کی اجازت دے دی ہے ، جس کے بعد کچھ عرصے سے تعطل کا شکار ہزاروں کلاس رومز کی تعمیر کا عمل دوبارہ شروع ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کے مطابق اس فیصلے کے تحت سکول کونسلز کو مجموعی طور پر 7358 ایڈیشنل کلاس رومز کی تعمیر کے لئے رولز میں خصوصی نرمی دی گئی ہے تاکہ سکولوں میں طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر درپیش جگہ کی کمی کو دور کیا جا سکے ۔حکام کا کہنا ہے کہ اس خصوصی اجازت کا اطلاق صرف انہی 7358 اضافی کلاس رومز تک محدود ہوگا، جبکہ سکولوں میں دیگر تمام تعمیراتی کام بدستور پیپرا رولز کے مطابق ہی منظور کروانا لازمی ہوگا۔ذرائع کے مطابق اس اقدام کے نتیجے میں زیر تعمیر ایڈیشنل کلاس رومز کو ٹیکسز میں بھی چھوٹ حاصل ہوگی، جس سے سکول کونسلز کو مالی بوجھ میں کمی آئے گی اور تعمیراتی کام تیزی سے مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔