پرنسپل ویمن کالج بوریوالا کو اعززی شیلڈ،تعریفی سند سے نوازا گیا
بورے والا (سٹی رپورٹر) گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار وومن بورے والا کی پرنسپل اسماء حسین کو شاندار تعلیمی اور انتظامی کارکردگی کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ اور تعریفی سند سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز جنوبی پنجاب کے ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے پرنسپلز، اساتذہ اور معاون عملے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملتان میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا۔تقریب میں جنوبی پنجاب کے چھ نمایاں پرنسپلز شامل تھے جنہیں تعلیمی اور انتظامی خدمات پر سراہا گیا۔ شیلڈز اور تعریفی اسناد سرفراز احمد، اسپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے تقسیم کیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرید شریف اور محمد عامر ملک، سیکشن آفیسر (جنرل)، ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ بھی موجود تھے ۔سرفراز احمد نے کہا کہ اساتذہ اور تعلیمی منتظمین کی کارکردگی کو تسلیم کرنا ضروری ہے کیونکہ وہ اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔