عوامی خدمت نوابزادہ خاندان کی سیاست کی پہچان ،نوابزادہ عمران احمد
مونڈکا (نامہ نگار)عوامی خدمت اور اصولوں کی سیاست نوابزادہ خاندان کی پہچان رہی ہے ، سیاست میں جائیدادیں بیچی ہیں خریدی نہیں۔
ان خیالات کا اظہار نوابزادہ عمران احمد خان نے سابق چیئرمین یونین کونسل شاہجمال اور پیپلز پارٹی کے رہنما مہر غلام علی شہزاد سے اپنی رہائش گاہ سیف نگر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں مقامی سیاسی صورتحال اور آئندہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نوابزادہ عمران احمد خان کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان نے ہمیشہ سیاست کو عبادت سمجھ کر عوام کی خدمت کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی اقتدار ملا عوامی فلاح کے منصوبے شروع کیے گئے ، مظفرگڑھ تا شہر سلطان سپر بند اس کی مثال ہے جس کی بدولت بڑے سیلاب کے باوجود علاقہ محفوظ رہا۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت بھی حلقہ میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جبکہ ماضی میں بجلی اور گیس کی تنصیبات کی اپ گریڈیشن کرا کر عوام کو سہولت فراہم کی گئی۔ اس موقع پر علی احمد خان اور سہیل امیر خان بھی موجود تھے ۔