ماہڑہ، ناقص خوراک کی فروخت، شہری تشویش کا شکار
بیمار اور مردہ جانور فروخت جاری‘وزن میں کمی کی شکایات ، نوٹس کا مطالبہ
ماہڑہ (نامہ نگار ) ماہڑہ اور گردونواح میں ناقص اور مضر صحت خوراک کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے جس نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف قصابوں اور ہوٹلوں میں ملاوٹ شدہ، غیر معیاری اور ناقص کھانے کھلے عام فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ وزن میں کمی کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے اس صورتحال پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جس کے باعث عوام کی صحت سنگین خطرات سے دوچار ہو گئی ہے ۔ مزید برآں، بعض قصائی اور ہوٹل مالکان مبینہ طور پر محکمہ کے اہلکاروں کو مفت گوشت اور کھانے فراہم کرتے ہیں جس کے نتیجے میں کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیں، ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں اور شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ عوام کی صحت پر خطرات کم کیے جا سکیں۔