ذوالفقار بھٹو کی ملک کیلئے قربانیاں لازوال،مخدوم احمد
ملتان(لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے اعلان کیا ہے کہ اس سال چار اپریل کو پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کا یوم وفات ضلعی سطح پر منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی تمام ضلعی تنظیموں، الائیڈ ونگز، عوامی نمائندگان اور ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں قرآن خوانی کا اہتمام کریں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کریں۔مخدوم سید احمد محمود کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں جاری حالات کے پیش نظر اس سال یوم شہادت پر مرکزی جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑے اجتماعات کے بجائے ڈویژن، سٹی، ڈسٹرکٹ اور تحصیل سطح پر سادہ تقریبات منعقد ہوں گی۔ان تقریبات میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی ملک و قوم کے لئے خدمات اور قربانیوں کو یاد کیا جائے گا۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عوامی سطح پر منعقد ہونے والی یہ تقریبات کارکنوں کے جذبے کو مزید مضبوط کریں گی۔