جہانیاں:ناکارہ ڈسپوزل پلانٹ کے پانی سے فصلیں متاثر

جہانیاں:ناکارہ ڈسپوزل پلانٹ کے پانی سے فصلیں متاثر

مقامی شہری سراپا احتجاج، انتظامیہ سے پلانٹ فوری فعال کرنے کا مطالبہ

جہانیاں (نمائندہ دنیا) جہانیاں کے نواحی علاقے میں 115 ٹن کی صلاحیت والا آر ڈسپوزل پلانٹ تقریباً 15 سال قبل قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد شہر بھر کے گٹروں کا پانی جمع کرنا اور اسے محفوظ طریقے سے ڈسپوز کرنا تھا۔ تاہم تحصیل جہانیاں اور ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے یہ پلانٹ چند ماہ چلنے کے بعد بند کر دیا گیا اور اب ناکارہ پڑا ہے ۔ پلانٹ کے لیے کروڑوں روپے کی زمین خریدی گئی، پائپ لائنیں بچھائی گئیں اور ٹف ٹائلیں لگائی گئیں، لیکن انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث یہ منصوبہ مکمل طور پر ناکام رہا۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر بھر کا سیوریج کا گندا پانی اب ڈسپوزل پلانٹ کی بجائے نہر میں ڈالا جا رہا ہے، جو کھیتوں اور سبزیوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ متاثرہ سبزیوں کو منڈی میں فروخت کیا جا رہا ہے اور لوگ انہیں کھا کر موزی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خانیوال اور کمشنر ملتان سے فوری نوٹس لینے اور ڈسپوزل پلانٹ کو فعال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں کا زور ہے کہ انتظامیہ جلد از جلد منصوبے کو فعال کر کے نہ صرف عوام کی صحت کیلئے خطرہ کم کرے بلکہ کروڑوں روپے کے منصوبے کو بھی بیکار ہونے سے بچایا جائے ۔ مقامی لوگ امید کر رہے ہیں کہ حکام ان کی شکایات پر فوری ایکشن لیں گے تاکہ گندے پانی سے پیدا ہونیوالے مسائل کا مستقل حل ممکن بنایا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں