لودھراں‘ڈپٹی کمشنر کی لٹکتے بجلی کے تار کور کرنے کی ہدایت
شہر میں پولز شفٹنگ، رکشہ اسٹینڈ اور پارکنگ بہتر بنانے کی سفارشات
لودھراں (سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیرصدارت سلپ ویز، بازاروں، گلی محلوں اور شاہراوں پر لٹکتی بجلی کی تاروں کو کور کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر کی خوبصورتی اور عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ لودھراں شہر خصوصاً ملتان روڈ پر غیر ضروری کٹس ختم کی جائیں اور پولز شفٹنگ کیلئے تخمینہ جات کی رپورٹ پیش کی جائے۔
سپر چوک پر ٹریفک انجینئرنگ کے ڈیزائن تیار کئے جائیں جبکہ رکشہ اسٹینڈ اور پارکنگ کیلئے سفارشات بھی ارسال کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میپکو سٹیپ وائز لٹکتی تاروں اور پولز شفٹنگ کو یقینی بنائے اور بارش کے موسم سے قبل حفاظتی انتظامات ہر صورت مکمل کیے جائیں۔مزید برآں، تعمیراتی محکموں کے افسران شہر کا جوائنٹ وزٹ کریں تاکہ بیوٹیفکیشن اور اہم چوکوں پر ٹریفک امور بہتر کیے جا سکیں۔ اجلاس میں سی او ایم سی عمر مختار، بشیر افضل اور دیگر افسران بھی شریک تھے اور شہر میں عملی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔