پانی کی کمی انسانی بقا کیلئے سنگین خطرہ ، ڈاکٹر آصف علی

پانی کی کمی انسانی بقا کیلئے  سنگین خطرہ ، ڈاکٹر آصف علی

ملتان(خصوصی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز) کی زیر صدارت عالمی یومِ آب کے موقع پر پانی اور صنعتی مساوات، جہاں پانی بہتا ہے وہاں برابری بڑھتی ہے کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا۔

اس کے ساتھ واٹر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کلسٹر کا افتتاحی اجلاس بھی ہوا۔آن لائن بین الاقوامی گیسٹ سپیکر ڈاکٹر ایما سنگھ کارکی (آسٹریلیا) نے صنفی مساوات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں زراعت پر روشنی ڈالی، جبکہ آمنہ باجوہ (FAO) نے زرعی شعبے میں خواتین کے کردار کی اہمیت اجاگر کی۔ ڈاکٹر ابوبکر اور تانیہ عمران نے پانی کے مؤثر انتظام کے لئے صلاحیت سازی پر زور دیا۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر ڈاکٹر آصف علی نے پانی کے پائیدار استعمال اور شمولیتی ترقی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پانی زندگی کا بنیادی جزو ہے اور اس کی کمی انسانی بقا کے لئے خطرہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پانی کی کمی ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے، حالانکہ زمین کے 71 فیصد حصے پر پانی موجود ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد بیگ اور ڈاکٹر سیف اللہ نے کہا کہ پانی اور توانائی کا معاملہ ہمارے لئے زندگی اور موت کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں پانی سے صرف آٹھ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ چالیس ہزار میگاواٹ تک پیداوار کی گنجائش موجود ہے۔ تقریب میں اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں