ملتان:80ارب لاگت سے سیوریج منصوبے شروع
سینی ٹیشن اور نکاسی آب منصوبوں کو جدید خصوط پر استوار کیا جارہا
ملتان( وقائع نگار خصوصی)ملتان میں ڈویژن کے سیوریج نظام کی بہتری کیلئے 80 ارب روپے سے زائد کے میگا پراجیکٹس کا آغاز کر دیا گیا، جس کا مقصد نکاسی آب کے مسائل کا مستقل اور جامع حل فراہم کرنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جاری منصوبوں اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ملتان کو جدید سیوریج سسٹم کا تحفہ دیا گیا ہے ، جس کے تحت سینی ٹیشن اور نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ملتان ڈویژن کیلئے 80 ارب روپے سے زائد کا بڑا پیکیج مختص کیا گیا ہے ، جبکہ ڈویژن کی 14 تحصیلوں میں سے 8 کو واسا منصوبوں میں شامل کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران پانی کے فوری اخراج کیلئے ڈسپوزل اسٹیشنز کی استعداد بڑھائی جائے جبکہ شہر میں انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس اور جدید مشینری کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔