سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ واپس لیا جائے ، فہد سانگی
موجودہ معاشی صورتحال میں تاجر، دکاندار دباؤ کا شکار، راحیل اصغر
ملتان (لیڈی رپورٹر)انجمن تاجران گھنٹہ گھر چوک کے صدر مہر فہد اسحاق سانگی، کچہری روڈ کے صدر راحیل اصغر ہاشمی، جنرل سیکرٹری شیخ فیصل محمود، فنانس سیکرٹری خواجہ شعیب صدیقی اور گلگشت کے شیخ تنویر اشرف قریشی نے کہا ہے کہ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور سمارٹ لاک ڈاؤن کے فیصلے عوام اور تاجروں کیلئے شدید مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں چھوٹے تاجر اور دکاندار پہلے ہی شدید دباؤ کا شکار ہیں۔، جبکہ رات آٹھ بجے سمارٹ لاک ڈاؤن سے کاروبار مزید متاثر ہو رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ڈویژنل سطح پر رات 10 بجے تک کاروبار کی اجازت ہے ، لہٰذا پنجاب میں بھی اسی طرز پر رات 10 بجے تک لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں جاری رہ سکیں۔تاجروں نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی اور ٹیکسوں میں اضافے کو واپس لیا جائے اور غریب طبقے کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیرا فورس اور سمارٹ لاک ڈاؤن کے نام پر چھوٹے تاجروں پر بھاری جرمانے لگانا قابل قبول نہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو تاجر برادری احتجاج پر مجبور ہو سکتی ہے ۔