ملازمہ پر تشدد،ایم پی اے نادیہ کے شوہر کیخلاف مقدمہ

 ملازمہ پر تشدد،ایم پی اے نادیہ کے شوہر کیخلاف مقدمہ

عالیہ بی بی پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بننے پر پولیس کی فوری کارروائی

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)گھریلو ملازمہ خاتون پر مبینہ تشدد کا واقعہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تحریک انصاف کی کوٹ ادو سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی نادیہ فاروق کھر کے شوہر ملک معین کھر کے خلاف تھانہ صدر ملتان میں ملازمہ عالیہ بی بی پر تشدد کا سب انسپکٹر غلام عباس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ۔ تفصیل کے مطابق ضلع ملتان کے علاقہ سخی سلطان کالونی تھانہ صدر ملتان کی حدود میں خاتون پر مبینہ تشدد کا واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ٹاپ ٹرینڈ بن گیا جس پر پولیس نے فوری کارروائی شروع کی ۔وائرل ویڈیو میں ایک خاتون نے خود کو عالیہ بی بی ظاہر کرتے ہوئے بیان دیا کہ وہ سخی سلطان کالونی ملتان میں بطور گھریلو ملازمہ کام کرتی ہے اور چند روز قبل کوٹ ادو کے حلقہ پی پی277 سے منتخب ایم پی اے نادیہ فاروق کھرکے خاوندملزم معین کھر نے اس پر تشدد کیا اورسنگین نتائج کی دھمکیاں دیں،پولیس کے مطابق تھانہ صدر ملتان میں خاتون کے بیان اور ویڈیو شواہد کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ یوبی ایل چوک سورج میانی کے قریب پیش آیا جہاں پولیس کو اطلاع ملنے پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ حساس نوعیت کا ہے اور تمام پہلوؤں پر میرٹ کے مطابق تفتیش جاری ہے ،کسی بھی متاثرہ شخص کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

تشدد کا مقدمہ

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں