اے ڈی سی آر کے حکم پروہاڑی میں سات دکانیں ڈی سیل
کرایہ داروں کی درخواست پر ارشد گوپانگ نے کیس کا جائزہ لیا اور حکم جاری کیا
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) گول چوک بلدیہ مارکیٹ کی سات سیل شدہ دکانیں ایڈیشنل کمشنر ریونیو ملتان کے حکم پر ڈی سیل کر دی گئی ہیں جس کے بعد تاجروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی 9 مارچ کو اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم کے جاری کردہ دخل وارنٹ کی روشنی میں بلدیہ حکام، تحصیلدار اور پیرا فورس کی جانب سے کی گئی تھی جس کے تحت گول چوک کی سات دکانیں سیل کی گئی تھیں۔بعد ازاں کرایہ داران دکانیں خالد اظہر وغیرہ کی درخواست پر ایڈیشنل کمشنر ریونیو ملتان ارشد گوپانگ نے کیس کا جائزہ لیا اور سیل شدہ دکانوں کو کھولنے کے احکامات جاری کیے ۔ فیصلے کے بعد تمام دکانیں دوبارہ کاروبار کے لیے کھول دی گئیں۔اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر ارشاد حسین بھٹی، جنرل سیکرٹری راؤ خلیل احمد اور دیگر عہدیداروں نے تاجروں کے ہمراہ ایڈیشنل کمشنر ریونیو کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے اس اقدام کے باعث تاجروں کو رمضان کے آخری عشرے سے لے کر ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ تک شدید مشکلات کا سامنا رہا اور وہ اپنے کاروبار اور عید کی خوشیوں سے بھی محروم رہے ۔تاجروں نے اس کارروائی کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال اور تاجروں کو بلاجواز پریشان کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے ۔