وہاڑی ، پی ٹی سی ایل فلیش فائبر انٹر نیٹ منصوبہ بھی ناکام

وہاڑی ، پی ٹی سی ایل فلیش فائبر انٹر نیٹ منصوبہ بھی ناکام

نو گیارہ ڈبلیو بی کے علاقے میں صارفین کو مسلسل سست رفتار اور بندش کا سامنا

وہاڑی (نمائندہ خصوصی) شہر کی سب سے بڑی آبادی نو گیارہ ڈبلیو بی میں صارفین کو پی ٹی سی ایل فلیش فائبر انٹرنیٹ سروس کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی سی ایل حکام نے علاقے میں انٹرنیٹ کی سست رفتار کی شکایات کے بعد فلیش فائبر منصوبہ شروع کیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت بھاری بجٹ سے نئے کھمبے نصب کیے گئے اور جدید فائبر آپٹک تاروں کا جال بچھایا گیا۔ کمپنی کی جانب سے باقاعدہ تشہیر بھی کی گئی کہ صارفین نئے کنکشن حاصل کریں تاکہ انہیں تیز رفتار اور جدید انٹرنیٹ سہولت میسر آ سکے ۔اس اعلان کے بعد سینکڑوں صارفین نے نئے کنکشن حاصل کیے تاہم چند ہی دن بعد صورتحال دوبارہ خراب ہو گئی۔ صارفین کے مطابق انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہو چکی ہے جبکہ سروس اکثر اوقات مکمل طور پر بند رہتی ہے ۔ اس صورتحال کو شہریوں نے شدید دھوکہ قرار دیا ہے ۔مقامی صارفین میاں فضل الرحمن، علی بہادر، میاں اسلم شہزاد، رانا ذوالفقار علی اور حمزہ جوئیہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ عملی طور پر ناکام ہو چکا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی سی ایل حکام فوری طور پر تمام نقائص دور کریں اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو احتجاج کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں