موضع پنجگرائیں میں گھر پر قبضے کی نیت سے حملہ
گھر میں گھس کر شہری پر تشدد ، متاثرین کا اعلیٰ حکام سے نوٹس کا مطالبہ
خان گڑھ(نامہ نگار )موضع پنجگرائیں کی بستی ٹوبے والا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شہری کے گھر پر مبینہ طور پر قبضے کی نیت سے حملہ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق متاثرہ شہری محمد اسماعیل ولد عبدالستار نے بتایا کہ صبح سویرے ملزمان محمد زبیر، محمد علیم، محمد الیاس، غلام یٰسین (تمام سکنہ بیلی جنوبی) اور پانچ نامعلوم افراد دیوار پھلانگ کر زبردستی گھر میں داخل ہوئے ۔متاثرہ خاندان کے مطابق ملزمان نے گھر میں داخل ہوتے ہی محمد اسماعیل کے والد کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ شدید زخمی ہو کر لہولہان ہو گئے ۔ اس دوران گھر کے دیگر افراد کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔شکایت میں مزید بتایا گیا کہ محمد اسماعیل اور اس کے بھائی کو بھی مارا پیٹا گیا جس سے وہ زخمی ہو گئے ۔ واقعے کے فوراً بعد 15 پر اطلاع دی گئی، جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔تاہم متاثرہ خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس موقع پر پہنچنے کے باوجود بعد ازاں کسی مؤثر کارروائی سے گریز کرتی رہی، جس پر انہیں شدید تحفظات ہیں۔متاثرین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے ، ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں تحفظ و انصاف فراہم کیا جائے ۔