وہاڑی ، آبادی کنٹرول سے متعلق آگاہی سیشنز کا شیڈول جاری
تعلیمی اداروں میں 4 سے 26 مئی تک یوتھ انگیجمنٹ سیشنز منعقد ہوں گے
وہاڑی(خبر نگار،نمائندہ خصوصی )چیف منسٹر پاپولیشن مینجمنٹ اینڈ فیملی پلاننگ پروگرام کے تحت ضلع وہاڑی میں یوتھ انگیجمنٹ آگاہی سیشنز کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے ۔ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر وہاڑی غفران حسین ثاقب چوپڑا کے مطابق یہ سیشنز 4 مئی 2026 سے 26 مئی 2026 تک ضلع بھر کے مختلف تعلیمی اداروں میں روزانہ کی بنیاد پر منعقد کیے جائیں گے ۔سیشنز کا وقت صبح 11:30 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک مقرر کیا گیا ہے ، جن میں طلبہ و طالبات کو آبادی میں تیزی سے اضافے کے مسائل، وسائل پر بڑھتے دباؤ اور خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔جاری شیڈول کے مطابق 4 مئی کو گورنمنٹ گریجویٹ کالج بوریوالا، 5 مئی کو گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین بوریوالا، 6 مئی کو گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج شیخ فاضل اور 7 مئی کو گورنمنٹ کالج آف کامرس بوریوالا میں سیشنز ہوں گے ۔اسی طرح 11 سے 14 مئی اور بعد ازاں 18 سے 26 مئی تک مختلف کالجز میں آگاہی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے ۔ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر کے مطابق ان سیشنز کا مقصد نوجوانوں میں ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دینا اور آبادی کے مسائل کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ ایک متوازن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے ۔