گندم خریداری مکمل شفافیت کیساتھ جاری رکھنے کا حکم
ڈپٹی کمشنر کا جہانیاں کا دورہ ،گندم خریداری مرکز میں انتظامات کا جائزہ
خانیوال ،جہانیاں (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا ،نامہ نگار) حکومت پنجاب کی ہدایات پر کسانوں سے گندم کی خریداری 3500 روپے فی من کے حساب سے شروع کر دی گئی ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق چاروں تحصیلوں میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 500 میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جس کے لیے 6 خریداری مراکز فعال کر دیے گئے ہیں۔ محکمہ خوراک کی جانب سے مراکز پر کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے گندم خریداری مرکز جہانیاں کا اچانک دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، جہاں اسسٹنٹ کمشنر فہد نور اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر فرخ شہزاد نے انہیں بریفنگ دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خریداری کا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ جاری رکھا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کسانوں کو ہدایت کی کہ وہ مفت باردانہ کے حصول کے لیے شناختی کارڈ کی کاپی کے ساتھ قریبی مرکز سے رجوع کریں، جبکہ خریداری کے عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے آن لائن رجسٹریشن بھی کی جا رہی ہے۔