وہاڑی، مبینہ قبضہ اور تشدد کیخلاف اہل علاقہ کا احتجاج

وہاڑی، مبینہ قبضہ اور تشدد کیخلاف اہل علاقہ کا احتجاج

عدالتی حکم کے باوجود زرعی زمین پر قبضہ، خواتین پر تشدد کا الزام

وہاڑی (خبرنگار) نواحی علاقہ 228 ای بی میں مبینہ قبضہ اور تشدد کے واقعہ پر متاثرہ خاندان اور اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیل کے مطابق محمد دانش اور آمنہ بی بی زوجہ محمد ندیم نے الزام عائد کیا کہ ان کے بھائی نے ساڑھے چھ مرلہ زرعی رقبہ محمد خالد کو فروخت کیا تھا، تاہم چند روز قبل محمد خالد نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ان کے گھر پر مبینہ طور پر دھاوا بول دیا۔متاثرین کے مطابق ملزمان نے گھر میں داخل ہو کر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا اور رہائشی جگہ پر زبردستی قبضہ کر لیا۔ 

متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ زمین کے حوالے سے عدالت کی جانب سے حکم امتناع بھی جاری ہو چکا ہے ، اس کے باوجود ملزموں نے دیوار گرا کر قبضہ برقرار رکھا۔احتجاج میں شریک اہل علاقہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بااثر افراد قانون کو نظر انداز کر رہے ہیں ، مقامی انتظامیہ کارروائی سے گریزاں ہے ۔متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ اور ڈی پی او وہاڑی سے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث افراد کیخلاف فوری کارروائی ، قبضہ واگزار اور تحفظ فراہم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں