پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ غریب طبقہ شدید متاثر
سکندرآباد(نامہ نگار)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب اور دیہاڑی دار طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جسکے باعث عوامی مشکلات میں شدید اضافہ ہو گیا ہے ۔۔۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس نئے طوفان نے نہ صرف دو وقت کی روٹی مشکل بنا دی ہے بلکہ بچوں کی تعلیم کا حصول بھی خواب بن کر رہ گیا ہے ۔ پٹرول مہنگا ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ مالکان نے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ جس سے عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے ۔ شہریوں کے مطابق اسکول وینز اور دیگر سفری ذرائع کے کرایوں میں دوگنا اضافہ ہو چکا ہے جس کے باعث غریب والدین اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے سے قاصر ہیں۔ مزدور طبقہ کا کہنا ہے کہ ان کی آمدنی کا بڑا حصہ صرف سفری اخراجات کی نذر ہو رہا ہے ۔ ٹرانسپورٹرز نے بھی سٹاپ ٹو سٹاپ کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ انتظامیہ اس صورتحال پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔