ہفتہ بازار مہنگائی کی لپیٹ میں آگئے:قیمتوں میں20 فیصد اضافہ
شہریوں کو خریداری میں مشکل کاسامنا،اشیاء کی قیمتیں عام مارکیٹ کے برابر ہوگئیں، مردانہ ہلکاسوٹ 1200روپے ، لنڈے کا سامان 200روپے مہنگا اشیاء مہنگی ہونے کے باعث شہریوں نے بازاروں کا رخ کرنا چھوڑ دیا، مارکیٹ میں قیمتیں مسلسل بڑھ رہیں ، نرخ بڑھانا مجبوری ہے ،دکانداروں کا موقف
ملتان(لیڈی رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملتان کے ہفتہ وار سستے بازار بھی مہنگائی کی لپیٹ میں آگئے ۔ مختلف سستے بازاروں میں اشیائے ضروریہ، سبزیوں، پھلوں، کریانہ اور گھریلو استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کیلئے خریداری مزید مشکل ہوگئی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سستے بازار عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے قائم کئے گئے تھے تاہم اب یہاں بھی قیمتیں عام مارکیٹ کے برابر پہنچنے لگی ہیں۔ مردانہ واش اینڈ وئیر جوڑے کی قیمت 1000 روپے سے بڑھ کر 1200 روپے تک جا پہنچی جبکہ پلاسٹک برتن اور لنڈا بازار میں فروخت ہونے والا سامان بھی 100 سے 200 روپے تک مہنگا ہوگیا ہے ۔قیمتوں میں اضافے کے بعد ہفتہ وار بازاروں میں خریداروں کی تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہول سیل مارکیٹ میں قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جس کے باعث وہ بھی مجبوراً نرخ بڑھا رہے ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔