خیرپور سادات آج بھی گیس جیسی بنیادی سہولت سے محروم
مہنگی لکڑی، ایل پی جی اور دیگر ایندھن کے اخراجات سے غریب کی زندگی اجیرن مکینوں کا وزیراعظم ، وزیراعلیٰ سے گیس کی فوری فراہمی کیلئے عملی اقدامات کا مطالبہ
یاریوالی (نامہ نگار) خیرپور سادات کے مکین آج بھی گیس جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں جس پر عوام نے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اہالیان علاقہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ خیرپور سادات کو فوری طور پر گیس کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔ مکینوں کے مطابق تقریباً 10سال قبل گیس پائپ لائن گرلز ڈگری کالج علی پور تک پہنچ چکی تھی مگر وہاں سے صرف 9کلومیٹر کے فاصلے پر واقع خیرپور سادات آج بھی اس بنیادی سہولت سے محروم ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں لکڑی، ایل پی جی اور دیگر ایندھن کے بڑھتے اخراجات نے غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ گیس نہ ہونے کی وجہ سے خواتین اور بزرگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔