سرکاری سکول داخلہ مہم ننکانہ صاحب سر فہرست ملتان کا دسواں نمبر
کئی اضلاع میں انرولمنٹ کی شرح منفی ریکارڈ، ننکانہ 56، میانوالی 53، چنیوٹ 49، ملتان میں داخلے کی شرح 31فیصد ریکارڈ، لاہور میں انرولمنٹ کی شرح 9فیصد رہی
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم 2026-27 کی ڈسٹرکٹس رینکنگ انرولمنٹ پراگریس رپورٹ کے مطابق ضلع ننکانہ صاحب نے 56.64 فیصد ہدف حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ میانوالی 53.19 فیصد کے ساتھ دوسرے اور چنیوٹ 49.90 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ ملتان نے 31.13 فیصد ہدف حاصل کرکے دسویں پوزیشن حاصل کی۔22 مئی 2026 تک جاری رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے لاکھوں نئے بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ، تاہم بیشتر اضلاع اہداف مکمل کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔ پاکپتن، خانیوال، جھنگ اور حافظ آباد بھی نمایاں اضلاع میں شامل رہے ۔ رپورٹ میں کئی اضلاع کی تشویشناک صورتحال بھی سامنے آئی۔ لاہور صرف 9.66 فیصد ہدف حاصل کرسکا جبکہ ڈیرہ غازی خان، وزیرآباد اور لودھراں کی کارکردگی انتہائی کم رہی۔ جہلم سب سے آخری نمبر پر رہا جہاں کارکردگی منفی 49.17 فیصد ریکارڈ کی گئی۔تعلیمی ماہرین کے مطابق غربت، مہنگائی، والدین کی معاشی مشکلات، اساتذہ کی کمی اور بنیادی سہولیات کا فقدان انرولمنٹ میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔ پنجاب حکومت نے داخلہ مہم مؤثر بنانے کیلئے اساتذہ اور سکول سربراہان کو خصوصی اہداف دے رکھے ہیں جبکہ مختلف اضلاع میں آگاہی مہم بھی جاری ہے ۔