میلسی میں انجمن تاجران تقسیم،الیکشن نہ ہونے پر تشویش

میلسی میں انجمن تاجران تقسیم،الیکشن نہ ہونے پر تشویش

انتخابات نہ ہونے ، سیاسی مداخلت پر بے چینی،متحدہ پلیٹ فارم کا مطالبہ

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)میلسی میں انجمن تاجران کے مختلف گروپوں میں تقسیم اور عرصہ دراز سے انتخابات نہ ہونے کے باعث تاجر برادری اور عوامی حلقوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے جبکہ تاجروں نے ایک متحدہ پلیٹ فارم تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق میلسی میں اس وقت انجمن تاجران کے چار مختلف گروپ سرگرم ہیں جن کی سرپرستی مختلف سیاسی شخصیات کرتی نظر آتی ہے ۔ تاجر حلقوں کے مطابق بیشتر گروپوں میں کئی سال سے باقاعدہ انتخابات منعقد نہیں ہوئے اور عہدیداران طویل عرصے سے اپنے عہدوں پر برقرار ہیں۔ذرائع کے مطابق مرکزی انجمن تاجران کے ایک گروپ کی قیادت شیخ محمد سلیم کر رہے ہیں، جو طویل عرصے سے صدر کے منصب پر فائز ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس گروپ کو سابق رکن قومی اسمبلی سعید احمد خان منیس کی حمایت حاصل ہے ۔ اسی طرح مرکزی تنظیم انجمن تاجران کے صدر سید شیراز حسین کاظمی ہیں، تاہم کئی برسوں سے انتخابی عمل نہ ہونے کے باعث یہ گروپ اندرونی اختلافات کا شکار ہے ، جس کے نتیجے میں متعدد رہنماؤں نے علیحدگی اختیار کر لی ہے ۔اسی طرح ملک عبدالجبار ملتانی کی قیادت میں بھی ایک گروپ سرگرم ہے جس کی سرپرستی سابق رکن قومی اسمبلی محمود حیات ٹوچی خان کرتے ہیں۔ جبکہ مرحوم ممتاز خالد خیرپوری کے نام سے بھی ایک الگ گروپ موجود ہے جس کی قیادت ان کے صاحبزادگان کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں