وکلاء کے وقار پر سمجھوتہ قبول نہیں، بار عہدیداران

وکلاء کے وقار پر سمجھوتہ قبول نہیں، بار عہدیداران

ڈی پی او لودھراں پر غیر مناسب ، غیر قانونی رویے کا الزام،تبادلے کا مطالبہ

کہروڑپکا (نمائندہ دنیا) لودھراں کے ایک سینئر وکیل کے ساتھ ڈی پی او لودھراں کے مبینہ غیر مناسب اور غیر قانونی رویے کے خلاف وکلاء رہنماؤں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے واقعہ کی مذمت کی اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن پنجاب بار کونسل رانا محمد اقبال نون، صدر بار مہر عبدالستار، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد اکرم اور دیگر سینئر وکلاء نے کہا کہ وکلاء کی عزت، وقار اور پیشہ ورانہ احترام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری قانون کی حکمرانی، انصاف کی فراہمی اور شہری حقوق کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے ، اس لیے کسی بھی وکیل کے ساتھ ناروا سلوک یا اس کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ واقعہ کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔ وکلاء رہنماؤں نے مزید مطالبہ کیا کہ ڈی پی او لودھراں کا فی الفور تبادلہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری اپنے حقوق اور وقار کے تحفظ کے لیے متحد ہے اور اس معاملے پر ہر قانونی اور آئینی فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ انصاف کے حصول اور مطالبات کی منظوری تک احتجاجی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں