ملتان، ایف ایل این کیمپس کا افتتاح، تعلیمی اصلاحات پر زور
صوبائی وزیر تعلیم سکندر حیات کا لیپ ٹاپ تقسیم، نئے تعلیمی منصوبوں کا اعلان
ملتان (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے ملتان کے جناح آڈیٹوریم، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں فاؤنڈیشنل لٹریسی اینڈ نیومیریسی (FLN) کیمپس 2026 کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں صوبائی سیکرٹری تعلیم مدثر ریاض ملک، وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال، ایم پی اے علی حیدر گیلانی، نازک کریم، لعل جوئیہ اور اقبال سراج سمیت محکمہ سکول ایجوکیشن، ضلعی انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر آٹھویں جماعت کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں لیپ ٹاپس اور اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ اساتذہ کو بھی ایوارڈز سے نوازا گیا۔صوبائی وزیر تعلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف ایل این کیمپس کا آغاز تعلیمی نظام میں جدت کی واضح مثال ہے ، اور پنجاب بھر میں 6 ہزار کیمپس کے ذریعے کمزور طلبہ کی تعلیمی استعداد بہتر بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کیمپس میں بچوں کی بنیادی خواندگی، حسابی مہارت اور ذہنی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ ہر سال گرمیوں کی تعطیلات میں یہ کیمپس منعقد کیے جائیں گے ، جبکہ پہلی مرتبہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے ساتھ اساتذہ کو بھی لیپ ٹاپس دیے جا رہے ہیں۔صوبائی سیکرٹری تعلیم مدثر ریاض ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ سکول انفراسٹرکچر پیکج کے تحت تعلیمی سہولیات بہتر بنائی جا رہی ہیں، جبکہ عالمی ادارے بھی تعلیمی اصلاحات میں تعاون کر رہے ہیں۔تقریب کے اختتام پر تعلیمی ماہرین نے اسکول بیسڈ اسیسمنٹ نظام پر پینل ڈسکشن میں اصلاحات اور جدید تدریسی طریقوں کے فروغ پر غور کیا۔