خراب ، اوور لوڈڈ ٹرانسفارمرز تبدیلی، اپ گریڈیشن تیز
بلا تعطل بجلی فراہمی کیلئے ملتان سرکل کی تمام سب ڈویژنز کو ہدایات جاری
ملتان(خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکوکی ہدایت پر ملتان شہر اور گردونواح کے تمام علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے خراب اور اوور لوڈڈ ٹرانسفارمرز کی تبدیلی اور اپ گریڈیشن کا عمل تیز کر دیا گیا ۔ اس سلسلے میں ملتان سرکل کے زیر انتظام تمام سب ڈویژنوں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئیں تاکہ صارفین کو بجلی فراہمی میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ایس ای آپریشنز میپکو ملتان سرکل ساجد گوندل کاکہناہے کہ شدید گرم موسم اور بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب پرٹرانسفارمرز کی استعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ جلنے اور خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کی جگہ فوری ایمرجنسی ٹرانسفارمرزٹرالیاں نصب کی جا رہی ہیں تاکہ جلد بجلی بحالی ممکن بنائی جا سکے ۔ ورکشاپس سے مرمت شدہ ٹرانسفارمرز کی دستیابی اور تنصیب کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے ملتان شہر کے تمام ایس ڈی اوز اور فیلڈ افسروں کو ہدایت کی کہ صارفین کی بجلی بندش اور وولٹیج سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کو ترجیح بنائیں۔ صارفین کو ریلیف فراہمی میں غفلت، سستی یا نااہلی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی ، متعلقہ افسروں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔