سابق رکن قومی اسمبلی چودھری قربان علی چوہان سپردِ خاک
نمازِ جنازہ میں سیاسی، سماجی، مذہبی اور صحافتی شخصیات کی بھرپور شرکت
بورے والا (سٹی رپورٹر) سابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چودھری قربان علی چوہان کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری اور صحافتی حلقوں سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔چودھری قربان علی چوہان 1990ء کے عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے ۔ بعد ازاں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ 1993ء کے عام انتخابات میں وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔ اپنے پارلیمانی دور میں وہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے چیئرمین کے فرائض بھی انجام دیتے رہے ۔مرحوم طویل عرصہ تک عملی سیاست سے وابستہ رہے اور اپنے حلقہ انتخاب کے عوام کے مسائل کے حل، فلاحی سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے ۔ نمازِ جنازہ کے موقع پر مقررین نے کہا کہ چودھری قربان علی چوہان ایک مخلص، عوام دوست اور باوقار سیاسی شخصیت تھے جنہوں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی۔نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ تدفین کے موقع پر فضا سوگوار رہی جبکہ لواحقین سے تعزیت کا سلسلہ جاری رہا۔
شرکاء نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی اور ان کے انتقال کو علاقے اور سیاسی حلقوں کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔