ستھرا پنجاب ورکر پر تشدد، مقدمہ درج، کارروائی شروع
ڈی سی مظفر گڑھ کا نوٹس، ملزموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) ستھرا پنجاب پروگرام کے صفائی ورکر پر مبینہ تشدد کے واقعہ کا ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کارروائی کی ہدایت کر دی۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی محمد یوسف چھینہ نے افسران کو موقع پر روانہ کرتے ہوئے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق خانگڑھ کے علاقے بستی مہاراں، گورام بگڑاں میں ستھرا پنجاب پروگرام کے صفائی ورکر محمد فہیم پر مبینہ تشدد کا واقعہ پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق صفائی کے دوران دو افراد نے مبینہ طور پر ورکر پر حملہ کیا جس سے وہ زخمی ہو گیا۔ متاثرہ ورکر کی درخواست پر تھانہ خانگڑھ میں عابد حسین اور مبشر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایم ڈی ستھرا پنجاب محمد یوسف چھینہ کی ہدایت پر ریجنل منیجر، تحصیل کوآرڈینیٹر اور دیگر افسران موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے ۔
ایم ڈی ستھرا پنجاب محمد یوسف چھینہ نے کہا کہ صفائی ورکرز ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور عوامی خدمت انجام دینے والے کارکنوں کے ساتھ کسی قسم کا تشدد یا ہراسانی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت جاری ستھرا پنجاب پروگرام میں خدمات انجام دینے والے کارکنوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ اور ستھرا پنجاب حکام نے بھی اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صفائی مشن کے کارکنوں کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی جاری رکھی جائے گی اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔