بخشی خانہ منتقلی کے دوران ملزموں کا ہنگامہ، پولیس اہلکار زخمی
پولیس اہلکاروں نے ملزموں کی تلاشی لینے کی کوشش کی تو ہاتھا پائی ہوگئی
بورے والا (سٹی رپورٹر ) عدالت میں پیشی کے بعد بخشی خانے منتقلی کے دوران ہنگامہ آرائی کے واقعے میں ہتھکڑی لگے ملزمان کی مبینہ مزاحمت پر پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق جیل سے لائے گئے ملزمان کو کارروائی مکمل ہونے کے بعد دوبارہ بخشی خانے منتقل کیا جا رہا تھا کہ تلاشی کے دوران تنازعہ پیدا ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق راستے میں بعض افراد کی جانب سے ملزمان سے ملاقات اور اشیائے خوردونوش کے لین دین کی کوشش کی گئی جس پر پولیس نے اعتراض کرتے ہوئے تلاشی لینا چاہی۔ اس دوران ملزمان نے مزاحمت کرتے ہوئے شور شرابہ، ہنگامہ آرائی اور تلخ کلامی شروع کر دی جو بعد ازاں ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔ واقعے کے دوران کانسٹیبل طیب زخمی ہوگیا ۔ اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی بوریوالا رانا عمران ٹیپو پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور صورتحال کو قابو میں لیا۔ تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے چار ملزمان مدثر عباس راجپوت، ندیم راجپوت، عثمان موچی اور عاقب حمید آرائیں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔