ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ،تعاون مزید مو ثر بنانے پر اتفاق

 ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ،تعاون مزید مو ثر بنانے پر اتفاق

سوشل میڈیا پراشتعال انگیز، نفرت آمیز اور فرقہ وارانہ مواد کی کڑی نگرانی کا فیصلہامن و امان کے قیام کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے :ڈی پی او

 خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد عابد کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (اے ڈی سی جی) نعیم صادق چیمہ، امن کمیٹی کے ممبران اور تمام مکاتب فکر کے علمائکرام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محرم الحرام میں امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے فروغ سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکائنے اتحاد، یگانگت اور باہمی احترام کی فضا برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پرامن محرم الحرام کے انعقاد کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز، نفرت آمیز اور فرقہ وارانہ مواد کی کڑی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ڈی پی او محمد عابد نے محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر پولیس، ضلعی انتظامیہ اور امن کمیٹی کے درمیان قریبی رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید مو ثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ڈی پی او محمد عابد نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ضلع بھر میں نکالے جانے والے جلوسوں اور منعقد ہونے والی مجالس کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، برداشت، بھائی چارے اور اتحاد کا درس دیتا ہے اور خانیوال پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن محرم الحرام کے انعقاد کے لیے ہر وقت تیار ہے ۔اے ڈی سی جی نعیم صادق چیمہ نے کہا کہ پرامن محرم الحرام کا انعقاد ہم سب کا مشترکہ مشن ہے اور امن کمیٹیوں کے ممبران کا تعاون قابل قدر ہے ۔بعد ازاں ڈی پی او محمد عابد کے ہمراہ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے سیف سٹی خانیوال کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے محرم الحرام کے جلوسوں کی نگرانی، کرائم کنٹرول اقدامات اور ضلعی پولیس کے کوئیک ریسپانس سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر امن کمیٹی کے ممبران نے محفوظ خانیوال کے قیام اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے ڈی پی او محمد عابد اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں