پٹرولیم قیمتیں کم ٹرانسپورٹ کرائے برقرار،عوام ثمرات سے محروم
حکومت نے پٹرول 4ڈیزل 2روپے سستا کیا، قبل ازیں بھی قیمتیں کم کی گئیں،ٹرانسپورٹرز کرایہ کم کرنے کو تیار نہیں، مہنگے پرزے، مرمتی نرخ بڑھ گئے ،مالکان کا موقف
ملتان (لیڈی رپورٹر)وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود عوام کو اس کا براہِ راست فائدہ منتقل نہیں ہو سکا، جس پر شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق حالیہ نظرثانی میں پٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے اس فیصلے کو عوامی ریلیف کے طور پر پیش کیا گیا تھا، تاہم زمینی سطح پر اس کا اثر نظر نہیں آ رہا۔دوسری جانب پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کسی قسم کی کمی نہ ہونے کے باعث مسافر بدستور پرانے نرخوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ مختلف شہروں میں شہریوں نے شکایت کی ہے کہ ایندھن کی قیمت کم ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹ مالکان نے کرایوں میں کمی نہیں کی، جس سے حکومت کی جانب سے دی جانے والی ریلیف کی افادیت متاثر ہو رہی ہے ۔ٹرانسپورٹرز کا موقف ہے کہ گاڑیوں کی مرمت، پرزہ جات کی قیمتوں میں اضافہ، ٹول ٹیکس اور دیگر اخراجات کی وجہ سے کرایوں میں فوری کمی ممکن نہیں۔ ان کے مطابق ایندھن کی قیمت میں معمولی کمی مجموعی لاگت پر خاطر خواہ اثر نہیں ڈالتی۔ادھر شہریوں اور مسافروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لے اور کرایوں میں متناسب کمی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی فائدہ عام آدمی تک پہنچ سکے ۔