زیڈ ٹاؤن میں مبینہ اغوا کار پکڑا گیا، پولیس کے حوالے
ملتان (کرائم رپورٹر)زیڈ ٹاؤن میں کم عمر بچوں کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق سیتل ماڑی پولیس کو غلام عباس نامی شہری نے اطلاع دی کہ محلے داروں کی مدد سے ایک مشکوک شخص کو قابو کیا گیا ہے جو علاقے میں کم عمر بچوں کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔پولیس نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کے ہاتھوں پکڑے گئے شخص کی شناخت طاہر کے نام سے ہوئی ہے ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم کو شہریوں نے موقع پر قابو کر کے تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔پولیس نے ملزم کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے اور واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔