محرم الحرام :تمام روٹس ہر وقت صاف رکھنے کا حکم
عزا ء داروں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرناہماری پہلی ترجیح، محرم روٹس اور مرکزی مجالس کے مقامات پر خصوصی شکایات کیمپ بھی قائم کیے جائیں گے ،چیف ایگزیکٹو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی صفائی کاعملہ، مشینری اور دیگر وسائل مکمل طور پر متحرک،کوڑا کرکٹ و آلائشوں کی بروقت تلفی یقینی بنائی جائے ،صفائی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،ذوالفقار احمد
ملتان(سٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان ذوالفقار احمد نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے محرم روٹس پر جاری صفائی آپریشن، ویسٹ کلیکشن کے عمل اور عملے کی حاضری کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ذوالفقار احمد نے محرم الحرام کے تمام روٹس اور مجالس کو ہروقت صاف ستھرا رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کوڑے کرکٹ و آلائشوں کی بروقت تلفی یقینی بنائی جائے تاکہ عزائداروں کو بہترین اور صاف ماحول میسر آسکے ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی اولین ترجیح ہے ۔ اس مقصد کے لیے محرم روٹس اور مرکزی مجالس کے مقامات پر خصوصی شکایات کیمپ بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں اور عزاداروں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ محرم الحرام کے تمام روٹس پر خصوصی صفائی آپریشن جاری ہے اور صفائی عملہ، مشینری اور دیگر وسائل مکمل طور پر متحرک ہیں۔ذوالفقار احمد نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران صفائی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عزاداروں اور شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محرم الحرام کے دوران بہترین صفائی خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے ۔