بجلی بلوں میں ٹیکسوں کا طوفان برپا کردیا گیا، نصراللہ خان

بجلی بلوں میں ٹیکسوں کا طوفان  برپا کردیا گیا، نصراللہ خان

بہاول پور( سٹی رپورٹر، خبرنگار )جماعت اسلامی بہاولپور کے ضلعی امیر نصراللہ خان ناصر نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کا طوفان برپا کر دیا گیا ہے ، عوام مہنگی بجلی اور بھاری بھرکم بل ادا کرنے پر مجبور ہیں جبکہ حکمران طبقہ عیاشیوں میں مصروف ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ ظلم اور ناانصافی کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔اپنے ایک بیان میں نصراللہ خان ناصر نے کہا کہ ہر سال تقریباً 2500 ارب روپے بغیر بجلی پیدا کئے آئی پی پیز کو ادا کئے جا رہے ہیں، جو عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کا خون نچوڑنا بند کریں، بجلی کے بلوں میں شامل ظالمانہ ٹیکسز فوری واپس لئے جائیں اور آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے عوام دشمن معاہدوں کو ختم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی، بے جا ٹیکسوں اور آئے روز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ تنخواہ دار طبقہ، مزدور، کسان، تاجر اور متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے جبکہ حکمران اشرافیہ اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی لانے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے وصول کیے جانے والے ٹیکسوں کا بوجھ ناقابل برداشت ہو چکا ہے اور حکومت کو اپنی ترجیحات تبدیل کرنا ہوں گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں